غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

خصوصی انہدامی ٹیمیں تشکیل دی جائیں ،ناصر حسین شاہ ،سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا اجلاس ، وزیر بلدیات نے مخدوش عمارتوں کا مسئلہ انتہائی اہم قرار دیا

کراچی (این این آئی)صوبائی وزیر بلدیات، ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے )کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بالخصوص کراچی میں غیر قانونی تعمیرات، مخدوش عمارتوں، ادارے کی کارکردگی، عوامی سہولت، ون ونڈو آپریشن اور بین الادارہ جاتی رابطوں سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کیلئے پرعزم ہے ، اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے 15 روز کی مہلت دی جا رہی ہے تاکہ تمام خلاف ورزیوں کی نشاندہی، ریکارڈ کی جانچ اور ضروری کارروائی مکمل کی جا سکے ، تاہم اس مدت کے بعد اگر کسی بھی افسر کے خلاف غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ہونے یا غفلت کی شکایت موصول ہوئی تو ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے بلاامتیاز اور فوری کارروائی کریں۔

وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ ایس بی سی اے کے انٹیلی جنس اور مانیٹرنگ نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے ، روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ رپورٹ پیش کی جائے اور غیر قانونی تعمیرات کی بروقت نشاندہی کیلئے موثر سرویلنس سسٹم نافذ کیا جائے تاکہ خلاف ورزیوں کی ابتدا ہی میں روک تھام ممکن بنائی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کیلئے خصوصی انہدامی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے موثر انداز میں فرائض انجام دیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے ون ونڈو آپریشن کو مزید موثر، شفاف اور عوام دوست بنایا جائے تاکہ شہریوں کو تعمیراتی نقشوں، این او سی اور دیگر قانونی امور کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایس بی سی اے میں آنے والے ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی، شفافیت اور قانون کے مطابق مکمل تعاون کیا جائے جبکہ عوامی سہولت کے پیش نظر ٹاؤن کی سطح پر ایس بی سی اے کا موثر نیٹ ورک قائم کیا جائے ۔ اجلاس میں وزیر بلدیات نے اس امر پر بھی زور دیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی لیگل ٹیم کو مزید فعال اور مضبوط بنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے )، ماسٹر پلان ڈپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ ایس بی سی اے کا مربوط اور موثر رابطہ یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ بندی، منظوری اور عملدرآمد کے مراحل میں ہم آہنگی برقرار رہے ۔ سید ناصر حسین شاہ نے مخدوش عمارتوں کے مسئلے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے عارضی بنیادوں پر رہائش کا مناسب بندوبست کیا جائے اور ایسے عملی اقدامات کیے جائیں جن سے متاثرین کا حکومت پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...