حکومت سے منظور سوا 9ارب صنعتی زونز کومنتقل کردیئے ، میئر
مختلف منصوبوں پرکام کاآغاز، 2ارب کے پہلے منصوبے کا افتتاح، مرتضیٰ وہابٹھیکیدار نے 6ماہ کاوقت مانگا، کوشش ہے 4ماہ میں مکمل کرلیں، سائٹ میں گفتگو
کراچی(بزنس رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے صنعتی علاقوں کی ترقی کیلئے منظور کردہ 9 ارب 25 کروڑ روپے کے خصوصی پیکیج کی تمام رقم صنعتی زونز کو منتقل کر دی گئی ہے جس کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملی کام کا آغاز کردیا گیا ہے ،اس پیکیج میں سے 2 ارب روپے کے پہلے منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا، جبکہ ٹھیکیداروں نے منصوبے کی تکمیل کیلئے چھ ماہ کا وقت مانگا ہے ، تاہم کوشش ہے کہ اسے چار ماہ میں مکمل کرلیا جائے ۔سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جلد واٹر پارک کا افتتاح کیا جائیگاجہاں روزانہ 35 ملین گیلن پانی ٹریٹ کیا جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ دسمبر تک اس منصوبے کی استعداد مزید 65 ایم جی ڈی بڑھا دی جائیگی جبکہ صنعتی علاقوں میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کیلئے ایک پائلٹ منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے ۔میئر نے کہا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن رواں سال 70 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کریگی۔اس کے علاوہ شہر کے مختلف ٹاؤنز میں 130 روٹس کی تعمیر و بحالی کیلئے ٹینڈرز جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ 14 ارب روپے کی لاگت سے نئی سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے ۔یہ تمام روٹس ٹاؤنز کی ذمہ داری ہیں تاہم بعض ٹاؤن انتظامیہ ترقیاتی کاموں کے بجائے صرف بینرز اور پوسٹرز لگانے میں مصروف ہے ۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ انتخابات میں سیاسی مقابلہ ہونا چاہیے لیکن ذاتیات پر مبنی سیاست سے گریز ضروری ہے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے بعض رہنماؤں نے انتخابی مہم کے دوران الزام تراشی کی سیاست کو فروغ دیاجبکہ سیاسی ہم آہنگی ہی ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments