کوریا سے تعلقات مستحکم ،کئی شعبوں میں تعاون ضروری، چیئرمین سینیٹ
سٹرٹیجک سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سنگل ونڈو سہولت متعارف کر ادی،وفد سے گفتگو
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے جمہوریہ کوریا کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کے او اے بائیو (KOA-Bio) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر چو کر رہے تھے ، وفد میں کے او اے کارپوریشن (KOA Corporation)، سکیل سنائپر (Scale Sniper) اور بائیوٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، صحت کے شعبے میں جدت اور جدید طبی ٹیکنالوجیز سے وابستہ جنوبی کوریا کی ممتاز کمپنیوں کے اعلیٰ نمائندگان بھی شامل تھے ۔چیئرمین سینیٹ نے معزز وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جمہوریہ کوریا کے ساتھ اپنی دیرینہ اور دوستانہ شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، جو باہمی احترام، اعتماد اور مسلسل فروغ پاتے ہوئے اقتصادی و تکنیکی تعاون پر استوار ہے ۔ گزشتہ چار دہائیوں کے دوران پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں مسلسل اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اگرچہ دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ، تاہم بائیوٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکل، صحت، مصنوعی ذہانت پر مبنی طبی تحقیق، جدید مینوفیکچرنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے اعلیٰ قدر کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہتر ہوتے ماحول کا ذکر کرتے ہوئے وفد کو آگاہ کیا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) نے بائیوٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکل، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں سٹرٹیجک سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سنگل ونڈو سہولت متعارف کرائی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments