امام حسین ؓ کی قربانی قیامت تک مشعلِ راہ :علامہ اصغر یزدانی
علامہ ظہیر ذیشان جعفری ودیگرکاڈسٹرکٹ بار کے زیراہتمام کانفرنس سے خطاب
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وزیرآباد کے زیراہتمام حضرت امام حسین ؓکی عظیم قربانی، سیرت و کردار اور پیغامِ کربلا کو اجاگر کرنے کیلئے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ صدارت صدر ڈسٹرکٹ بار عمران عصمت اور جنرل سیکرٹری وقار رندھاوا نے کی۔ کانفرنس میں مستنصر گوندل، بشارت سندھو،امیدوار برائے صدارت عامر محمود رہاڑ،امیدوار برائے جنرل سیکرٹری نبیل اعجاز چیمہ،رانا خلیل خان،ملک اختر اعوان، آصف مہرودیگرنے شرکت کی۔ علامہ اصغر یزدانی اور علامہ ظہیر ذیشان جعفری نے خطاب کرتے کہا کہ حضرت امام حسین ؓنے د ینِ اسلام کی سربلندی، حق و صداقت اور عدل و انصاف کیلئے اپنی اور اپنے اہلِ بیت سلام اللہ علیہ کی بے مثال قربانی پیش کی جو قیامت تک انسانیت کیلئے مشعلِ راہ رہے گی۔عمران عصمت نے خطاب میں کہا کہ حضرت امام حسین ؓکی تعلیمات پوری انسانیت کیلئے امن، عدل، برداشت اور اخوت کا پیغام ہیں، وکلا برادری ہمیشہ آئین، قانون اور انصاف کی سربلندی کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی۔ وقار رندھاوانے کہا کہ نوجوان نسل کو واقعہ کربلا کے حقیقی پیغام سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments