مسافر ٹرینیں 15سال سے بند ،بیشتر ریلوے پلیٹ فارم ویران
حکمرانوں کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث زندگی سے بھر پور سٹیشن ویرانی کی تصویر
جامکے چٹھہ(نامہ نگار )وزیرآباد سے فیصل آباد ریلوے سیکشن پر 15سال سے پسنجرٹرینیں بند ہونے سے وزیرآباد جنکشن کے بیشترپلیٹ فارم سنسان پڑے ہیں ۔ 2011سے پہلے جب ٹرینیں اس روٹ سے گزرتی تھیں تو ہر سٹیشن آباد نظر آتا تھا۔ پلیٹ فارمز پر مسافروں کا ہجوم، ٹرینوں کی سیٹیاں، روشنیوں سے جگمگاتے سٹیشن اور لوگوں کی ہنسی خوشی سفر کو یادگار بنا دیتی تھی مگر 2011 کے بعد یہ منظر آہستہ آہستہ بدلنے لگا۔ انفراسٹرکچر کی خرابی، دیکھ بھال میں غفلت، خدمات کے فقدان اور مسلسل بے توجہی نے تاریخی ریلوے سیکشن کی رونق چھین لی۔ حکمرانوں کی عدم دلچسپی اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث وہ سٹیشن جو کبھی زندگی سے بھرپور تھے ، ویرانی کی تصویر بنتے چلے گئے ۔ پلیٹ فارمز خالی ہو گئے ، ٹرینوں کی آمد و رفت محدود ہو گئی اور پٹریوں پر دوڑتی زندگی صرف یادوں میں باقی رہ گئی۔یہ حقیقت بھی کسی المیے سے کم نہیں کہ انگریز برصغیر میں نہری نظام اور ریلوے کا ایک مضبوط اور منظم ڈھانچہ چھوڑ کر گئے تھے ۔ یہی نظام زراعت، تجارت اور عوامی نقل و حمل کی بنیاد تھا مگر آزادی کے بعد ہم ان قومی اثاثوں کی مکمل حفاظت نہ کر سکے ۔ وقت گزرنے کے ساتھ بدانتظامی، نااہلی اور غفلت نے ان قیمتی اداروں کو کمزور کر دیا اور وہ نظام جو کبھی ترقی کی علامت تھا، زوال کا شکار ہو گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments