حافظ آباد:اہم شاہراؤں پر حفاظتی و احتیاطی بورڈز لگا دیئے گئے
حادثات کی روک تھام‘ٹریفک روانی کیلئے اقدامات جاری :ڈی سی عبدالرزاق
حافظ آباد(نمائندہ دُنیا)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق کی ہدایات پر شہرمیں حادثات کی روک تھام ،ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور عوام میں آگاہی کے لیے اہم شاہراؤں پر حفاظتی و احتیاطی بورڈز/ٹریفک سائن لگا دیئے گئے ۔جناح چوک، بائی پاس،گوجرانوالہ روڈ،جلاپور روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر لوگوں کے پیدل گزرنے کیلئے زیبرا کراسنگ،بس سٹاپ،یو ٹرن،بائیک لین،سپیڈ لیمٹ سمیت دیگر سائن بورڈ /نشانات نمایاں طور لگا دیئے گئے ۔سکولوں ،کالجوں کے سامنے اور دیگر اہم چوکوں میں زیبرا کراسنگ بنائی گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی عوامی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ حادثات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے ٹرانسپورٹرزکو ہدایت کی کہ اندرون شہر اپنی گاڑیوں کی رفتار کم رکھی جائے اسی طرح موٹر سائیکل چلانے والے افراد بھی سڑک کے انتہائی بائیں جانب موٹر بائیک لین کا استعمال کریں۔ شہر کے تمام داخلی،و خارجی رستوں،چوک ،چوراہوں ،شاہراؤں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں ۔تیز رفتاری،بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں،بغیر سیفٹی بیلٹ گاڑی چلانے والوں ،اوور لوڈنگ،بغیر نمبر پلیٹس گاڑیوں کو بند اور انکے مالکان کو جرمانہ کیا جائیگا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments