11سالہ بچے کا قتل کیس:دیور، بھابی کو سزائے موت

 11سالہ بچے کا قتل کیس:دیور، بھابی کو سزائے موت

دونوں کو ایک ساتھ دیکھ لینے پر عثمان ، اقرا نے حسیب کی جان لی تھی

 دیپالپور،اوکاڑہ(تحصیل رپورٹر،خبرنگار)11 سالہ بچے حسیب کے قتل کے مقدمہ کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ ایڈیشنل سیشن جج دیپالپور ریاض افضل چھینہ کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دیور اور بھابی کو سزائے موت اور پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا۔واقعہ کے مطابق چک نمبر 39 فور ایل کے رہائشی حساس ادارے کے ملازم قمر ریاض کے بچے حصول تعلیم کیلئے اپنے ننھیال دیپالپور میں مقیم تھے ۔ ذرائع کے مطابق مقتول 11 سالہ حسیب نے اپنے ننھیالی رشتہ دار عثمان اور اس کی بھابی اقرا کو مبینہ طور پر ایک ساتھ دیکھ لیا تھا جس کے باعث دونوں کو خدشہ تھا کہ ان کا راز فاش ہو جائے گا ۔ ملزموں نے مبینہ طور پر موقع پا کر حسیب کو قتل کرکے گلے میں پھندا ڈال کر واقعہ کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ پولیس تھانہ سٹی دیپالپور نے واقعہ کی سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے عثمان اور اقرا کو شامل تفتیش کیا۔شواہد اور تحقیقات کی روشنی میں قتل کا معاملہ سامنے آگیا۔تفتیشی افسر نے ٹھوس شواہد و ثبوت کی بنیاد پر مقدمہ کا چالان عدالت میں پیش کیا۔ استغاثہ کی جانب سے پیش شواہد سے جرم ثابت ہونے پر عدالت نے دونوں ملزموں عثمان اور اقرا کو سزائے موت اور پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...