غفلت ، رشوت کیس پرگیپکو کینٹ ڈویژن کاایکسین
ایف آئی اے سیالکوٹ سرکل کی روپوش ملزم عبدالقیوم کیخلاف لاہور میں کارروائی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ایف آئی اے سیالکوٹ سرکل نے انسانی غفلت اوررشوت ستانی کے سنگین مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے 9 جولائی 2026 کو گیپکو کینٹ ڈویژن سیالکوٹ کے ایگزیکٹو انجینئر (ایکسین)عبدالقیوم ولد بشیر حسین سکنہ مکان نمبر 207 محلہ فقیرآباد، پنو عاقل ضلع سکھر کو لاہور سے گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم ضمانت خارج ہونے پرروپوش ہو گیا تھا، جسے مسلسل کوششوں کے بعد لاہور سے گرفتار کیا گیا۔مقدمے کی تفصیل کے مطابق کلوکوال تحصیل سمبڑیال، ضلع سیالکوٹ کے رہائشی الیاس نے ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ کو تحریری درخواست دی تھی، جس میں گیپکو ہیڈ مرالہ سب ڈویژن کے اہلکاروں ، ایس ڈی او عبدالمتین ناصر، لائن مینز شوکت اور ملک شفیق اور لائن سپرنٹنڈنٹ ملک مسعود ناصر پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے دیوا ٹاؤن کے مالک حسن مراد کے ساتھ ملی بھگت کر کے بھاری رشوت وصول کی اور دیوا ٹاؤن کو بجلی کی غیر قانونی فراہمی کے لیے 11 ہزار وولٹ کی انتہائی خطرناک ہائی ٹینشن تاریں بغیر کسی حفاظتی انتظام کے شکایت کنندہ کے گھر کی چھت سے گزار دیں۔
باربار خبردار کرنے کے باوجود متعلقہ ایس ڈی او نے کوئی کارروائی نہ کی۔ 7 مارچ 2025 کو شکایت کنندہ کا ساڑھے سات سالہ بیٹا عثمان گھر کی چھت پر گیا، جہاں ہائی ٹینشن تاروں کے قریب جانے سے شدید دھماکہ پر زخمی ہوگیا۔ اسے فوری سی ایم ایچ کھاریاں منتقل کیا گیا، جہاں دوران ِعلاج بچے کے دونوں بازو کاٹنے پڑے ۔انکوائری مکمل ہونے پر ڈائریکٹر ایف آئی اے زون گوجرانوالہ کی ہدایت پر ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ، جبکہ حسن مراد (مالک دیوا ٹاؤن)اور دیگر ذمہ دار واپڈا اہلکاروں کا کردار تفتیش کے دوران متعین کیا جائے گا۔مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments