کوٹ ادو میں لیڈی پولیس افسران فیلڈ ڈیوٹی پر متحرک
اسلام آباد سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے نفری روانگی سے مقامی پولیس نفری میں کمی
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) نفری کی کمی کے باعث کوٹ ادو میں لیڈی پولیس افسران بھی فیلڈ ڈیوٹی پر متحرک ہوگئیں۔ ڈی پی او کوٹ ادو منصور قمر کی ہدایت پر لیڈی پولیس افسران کو مختلف اہم مقامات کی سکیورٹی اور گشت کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ انچارج جینڈر کرائم صائمہ بتول نے دوران گشت مختلف بینکوں کا دورہ کیا اور وہاں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بینک انتظامیہ اور سکیورٹی گارڈز کو سکیورٹی کے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔پولیس ذرائع کے مطابق کوٹ ادو سے اسلام آباد میں سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے نفری روانہ ہونے کے باعث مقامی سطح پر پولیس اہلکاروں کی کمی پیدا ہوئی ہے ۔ اس صورتحال کے پیش نظر لیڈی پولیس افسران بھی دیگر اہلکاروں کے شانہ بشانہ فیلڈ میں فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ کوٹ ادو پولیس کی جانب سے بینکوں سمیت اہم مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ لیڈی پولیس افسران کے فیلڈ میں متحرک ہونے سے خواتین سے متعلق جرائم کی روک تھام، گشت اور سکیورٹی امور کی نگرانی میں بھی مدد مل رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments