پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا:ڈاکٹر طارق
حکمران شاہ خرچیاں کم کرنے کے بجائے مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل کر رہے ہیں
گجرات(سٹی رپورٹر )جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے ذریعے عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہی ہے ، وزیراعظم کا ریلیف پیکیج ناکافی ہے ، حکومت فوری طور پر پٹرولیم لیوی ختم کرے ۔انہوں نے کہاکہ پٹرولیم لیوی ٹیکسز کے خلاف جماعت اسلامی کی دستخطی مہم میں ہزاروں لوگوں نے دستخط کرکے جماعت اسلامی کے موقف کی تائید اور حمایت کر دی ،ہم قوم کے پسے ہوئے طبقے کی آواز بلند کرتے رہیں گے اور احتجاج، ریلیوں اور مارچ کا سلسلہ ریلیف ملنے تک جاری رہے گا اور حکمرانوں کو اپنی عیاشیاں ختم کرنا پڑیں گی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی فرد یا خاندان کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ حکمران اپنی شاہ خرچیاں کم کرنے کے بجائے مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل کر رہے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کیلئے پٹرولیم مصنوعات پر اضافی ٹیکسز اور لیوی کا خاتمہ ضروری ہے ۔ جماعت اسلامی پرامن سیاسی جدوجہد اور مذاکرات پر یقین رکھتی ہے تاہم عوامی مطالبات پر موثر پیش رفت نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا،ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ ملک میں کرپشن، لوٹ مار کا بازار گرم ہے ،سیاسی پارٹیوں پر افراد اور خاندانوں کی اجارہ داری سے پارلیمانی جمہوریت کو بے پناہ نقصان پہنچا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments