پنڈی بھٹیاں:ستھرا پنجاب کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم
روزانہ تیل کی مد میں لاکھوں روپے خوردبرد کئے جانے کا انکشاف ،تنخواہوں میں کٹوتی
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )ستھرا پنجاب پروگرام کے نام پر تحصیل پنڈی بھٹیاں میں لوٹ مار کا بازار گرم ہو گیا ،ستھرا پنجاب کی ٹیم کے ساتھ ساتھ دیگر لوگ بھی قومی خزانہ پر ہاتھ صاف کرنے لگے ۔بتایا گیا ہے کہ مبینہ طور پر افسر وں کے سہولت کار بھی شامل ہیں جنہوں نے رکشے گاڑیاں ٹریکٹر ٹرالیاں اور دیگر آلات ستھرا پنجاب پروگرام میں شامل کر رکھے ہیں، انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ تیل کی مد میں لاکھوں روپے خوردبرد کئے جا رہے ہیں جبکہ قومی خزانہ کو گھوسٹ ملازمین اور کچرا ڈسپوزل سٹیشن تک پہنچانے اور رکشوں میں کچرا اٹھانے کے سلسلہ میں مبینہ طور پر لوٹ مار جاری ہے ، رکشہ ڈرائیوروں کو تنخواہیں بھی کم دی جا رہیں جبکہ کٹوتیاں کی جاتی ہیں ۔
گھوسٹ ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں ہرماہ قومی خزانے کو چونا لگایا جا رہا ہے جبکہ کچھ ورکرز صرف دفتروں اور سیاستدانوں کے ڈیروں پر کام کر رہے ہیں جبکہ تنخواہیں قومی خزانہ سے لے رہے ہیں۔شہریوں نے الزام عائد کیا کہ تحصیل بھر کے شہر اور دیہات کچرا کنڈی کا منظر پیش کر رہے ہیں جبکہ گندا پانی گلیوں، بازاروں اور سڑکوں پر بہہ رہا ہے جس سے شہری مہلک امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔ سوشل میڈیا پر کوڑا کی تصاویر وائرل ہونے پر ستھرا پنجاب کا عملہ وہاں ورکرز بھجوا کر فوٹو بنوا کر شیئر کردیتا ہے کہ شکایت کاازالہ ہو گیا۔ محسوس ہوتا ہے کہ ستھرا پنجاب کی ٹیمیں روٹین کے ساتھ صفائی کے بجائے سوشل میڈیا کو دیکھ کر کارروائی ڈالتی ہیں۔ستھرا پنجاب کے افسر اور مقامی انتظامیہ بھی صفائی کے معاملے پر محض فوٹو سیشنز تک محدود ہے جبکہ صفائی کے کام پر توجہ نہیں دی جار ہی ۔متاثرین نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments