ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈسکہ میں پارکنگ فیس میں مبینہ اضافہ
انتظامیہ جھگڑوں کے باوجود پارکنگ ٹھیکیداروں کے خلاف مؤثر کارروائی میں ناکام
ڈسکہ (نامہ نگار) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈسکہ کے پارکنگ سٹینڈز پر مبینہ طور پر مقررہ نرخوں سے زائد فیس وصول کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ شہریوں کے مطابق موٹر سائیکل کی پارکنگ پرچی 10 روپے کے بجائے 20 روپے ، رکشے کی 50 روپے اور گاڑی کی فیس 20 روپے کے بجائے 80 روپے وصول کی جا رہی ہے ۔ زائد فیس پر اعتراض کرنے والوں سے مبینہ طور پر بدتمیزی، گالم گلوچ اور ہاتھا پائی بھی کی جاتی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ شکایات اور آئے روز ہونیوالے جھگڑوں کے باوجود پارکنگ ٹھیکیداروں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے ۔ مریضوں سے ملنے آنے والے لواحقین کو ادویات اور دیگر ضروری کاموں کے لیے بار بار ہسپتال آنا پڑتا ہے ، جس کے باعث انہیں روزانہ چار سے پانچ مرتبہ پارکنگ فیس ادا کرنا پڑتی ہے ۔ مہنگائی کے دور میں یہ اضافی بوجھ عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن رہا ہے ۔شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کے پارکنگ سٹینڈز میں مبینہ زائد وصولیوں کا نوٹس لیا جائے۔ اور پارکنگ کے انتظامات بہتر بنائے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments