انجمن بہبودیِ مریضاں کو کام سے روکنے پر شہری پریشان

 انجمن بہبودیِ مریضاں کو کام سے روکنے پر شہری پریشان

ادارہ سول ہسپتال وزیر آباد میں مفت ادویات ،ڈائیلسز کی سہو لت فراہم کر رہا 50سال سے خدمت میں مصروف ادارے کے خاتمے سے مشکل ہو سکتی :شہری

وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )سول ہسپتال وزیرآباد میں 50سال سے دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف انجمن بہبودیِ مریضاں کو ختم کرکے ہسپتال سے نکالے جانے کی اطلاعات پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ،انہوں نے اقدام کو غریب اور سفید پوش طبقہ پر ایٹم بم گرانے کے مترادف قرار دیدیا ۔ انجمن بہبودیِ مریضاں کے پلیٹ فارم سے روزانہ 300 سے زائد افراد مفت ادویات کی سہولت سے مستفید ہوتے ہیں جبکہ ادارے کے زیرِ انتظام ڈائلسز سینٹر بھی گردوں کے مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ انجمن بہبودی مریضاں کو ہسپتال سے نکالنے کے حوالے سے مبینہ لیٹر جاری ہونے پر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ وزیرآباد نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ دہائیوں سے عوامی خدمت میں مصروف ادارے کی خدمات کو نظرانداز کرنا مستحق مریضوں کیلئے مشکلات پیدا کر سکتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ ادارہ سول ہسپتال سے الگ کر دیا گیا تو مفت ادویات اور دیگر سہولیات پر انحصار کرنے والے غریب اور نادار مریض شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انجمن بہبودیِ مریضاں کی 50 سالہ خدمات، مستحق مریضوں کو فراہم کی جانے والی مفت ادویات اور ڈائلسز سمیت دیگر سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ادارے کے مستقبل کے حوالے سے ایسا فیصلہ کیا جائے جس سے غریب مریضوں کی طبی سہولیات متاثر نہ ہوں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...