لالہ موسیٰ :ملازمہ سے نا جائز تعلقات کاپتہ چلنے پر بیوی قتل
39سالہ نسیم بی بی کی لاش کھیت سے برآمد ،ملزموں نے اعتراف جرم کر لیا
لالہ موسیٰ ،گجرات (نمائندہ دنیا ،سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )تھانہ ٹانڈہ کے علاقہ سے لاپتہ ہونے والی نسیم بی بی کے قتل کا معمہ حل،شوہر نے ملازمہ کے ساتھ حالت غیر میں پکڑے جانے پر بیوی کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق25 ستمبر کو اشفاق نامی شخص نے تھانہ ٹانڈہ پولیس کو اطلاع دی کہ وہ کھیتوں میں کام کرنے کے بعد گھر واپس آیا تو اس کی 39 سالہ بیوی نسیم بی بی لاپتہ تھی، شبہ ہے کہ کسی نامعلوم شخص نے اغوا کر لیا ۔ پولیس تھانہ ٹانڈہ نے مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کر دی۔ چند روز بعد لاپتہ خاتون کی ڈھانچہ نما لاش گھر سے ملحقہ باجرے کی فصل سے برآمد ہوئی جس کی شناخت نسیم بی بی کے نام سے ہوئی۔
پولیس نے کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیم کی مدد سے موقع سے شواہد اکٹھے کئے اور واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی۔ اس دوران مقتولہ کے شوہر اشفاق اور ڈیرے پر کام کرنے والی خاتون کی مشکوک سرگرمیاں سامنے آئیں، جس پر دونوں کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی۔دورانِ تفتیش ملزموں نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کے آپس میں ناجائز تعلقات تھے ۔ وقوعہ کی شام نسیم بی بی نے دونوں کو قابلِ اعتراض حالت میں دیکھ لیا جس پر ان کے درمیان جھگڑا ہوگیا ،راز چھپانے کیلئے ملزموں نے نسیم بی بی کو سر پر اینٹ مار کر قتل کر دیا اور لاش فصل میں چھپا دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments