منشیات فروش میں ملوث تھانہ با غبانپورہ کے 4اہلکار گرفتار
ہیڈ کانسٹیبل خواجہ عثمان ،وقاص ،کا نسٹیبل زاہد محمود اور محمد اصغر سے چرس برآمد
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی ہدایت پر محکمہ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کیخلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے منشیات فروشوں سے روابط اور خود منشیات فروشی میں ملوث تھانہ باغبانپورہ کے 4پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ۔پولیس ترجمان کے مطابق منشیات فروشی کے الزام میں پہلے سے گرفتار ملزموں کے انکشافات اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ہونے والے میں ہیڈ کانسٹیبل خواجہ عثمان، محمد وقاص، کانسٹیبل زاہد محمود اور محمد اصغر شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار اہلکاروں کے قبضے سے مجموعی طور پر 3کلو 440گرام چرس برآمد ہوئی ۔ ہیڈ کانسٹیبل خواجہ عثمان سے 1480گرام چرس ،ہیڈ کانسٹیبل وقاص سے 600گرام چرس کانسٹیبل زاہد محمود سے 660گرام چرس کانسٹیبل محمد اصغر سے 700گرام چرس برآمد کی گئی۔ملزموں کے خلاف تھانہ باغبانپورہ میں منشیات برآمدگی کے مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ۔ سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کی سہولت کاری اور قبیح فعل میں ملوث اہلکار رعایت کے مستحق نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments