مرکزی بازار ملکہ میں تجاوزات کی بھرمار ،پیدل چلنا محال
تاجروں نے دونوں طرف تھڑے تعمیر کر لئے ، انتظامیہ مافیا کے سامنے بے بس
گلیانہ (نامہ نگار )ملکہ کا مرکزی بازار تجاوزات کی زد میں آ گیا جس کے باعث نہ صرف پیدل چلنے والوں بلکہ گاڑیوں کی آمد و رفت میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ مقامی دکانداروں نے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے سڑک کے دونوں اطراف کئی کئی فٹ چوڑے پکے تھڑے تعمیر کر لئے ہیں جبکہ رہی سہی کسر دکانوں کا سامان سڑک کے بیچوں بیچ سجا کر پوری کر دی گئی ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پیرا فورس، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) اور دیگر تمام مقامی انتظامی ادارے اس وقت ملکہ بازار میں تجاوزات ختم کرانے میں مکمل طور پر بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔
بارہا نشاندہی کے باوجود اب تک کوئی ٹھوس یا گرینڈ آپریشن نہیں کیا جا سکا جس سے تجاوزات مافیا کے حوصلے مزید بلند ہو چکے ہیں۔سڑک سکڑنے کی وجہ سے بازار میں منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے اور ایمرجنسی کی صورت میں کسی مریض یا ایمبولینس کا گزرنا بھی محال ہو چکا ہے ۔ مقامی شہریوں نے ڈپٹی کمشنر گجرات اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ملکہ بازار کو مسائل سے نجات دلانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments