پاکستان اور ترکیہ آزمائے ہوئے قابل اعتماد دوست، علیم خان
برصا چیمبر کے ترک وفد سے ملاقات، دفاع، مواصلات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ قابل اعتماد دوست ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور تاریخی نوعیت کے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ترکیہ کے شہر برصا چیمبر کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران دفاع، مواصلات، ایروسپیس، فوڈ، آٹو موبائل اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور خصوصی طور پر بزنس ٹو گورنمنٹ (B2G)روابط کو مضبوط کرنے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو آگاہ کیا کہ وفد میں شامل تمام کمپنیاں ملگیم فریگیٹ منصوبے میں حصہ دار ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون کی اسٹریٹیجک گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترکیہ کے معروف مالیاتی ادارے زیراعت بینک کو پاکستان میں برانچ کھولنے کی اجازت دی جائے گی جس سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مشکل لمحات میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، حالیہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔