اربوں کی 712کنال سے زائد قیمتی سرکاری اراضی واگزار
ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ آپریشن کی نگرانی کر رہی،انتظامیہ اور پولیس کی مدد بھی حاصل
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت کے مختلف مقامات پر سی ڈی اے کی طرف سے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسلام آباد میں ڈپلومیٹک انکلیو سے ملحقہ علاقے میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران ابتک اربوں روپے مالیت کی 712کنال سے زائد قیمتی سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئی۔ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے جاری انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران جامع حکمت عملی کے تحت غیر قانونی قابضین سے اراضی کو واگزار کروایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ڈاکٹر انعم فاطمہ اس گرینڈ آپریشن کی مسلسل نگرانی خود کر رہی ہیں۔ جبکہ آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن سے اے ڈی سی جی صاحبزادہ یوسف اور اسلام آباد پولیس سے ایس پی سلیمان بھی آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور منظم منصوبہ بندی کیلئے غیر قانونی قبضوں اور تعمیرات کیخلاف کارروائیاں انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے اور قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔