ہسپتالوں،افرادی قوت کی تعداد کا ڈیٹا جمع کرنیکا فیصلہ
پنجاب بھر میں آئندہ ماہ کام شروع ، ہیلتھ کیئرکمیشن کو ذمہ داریاں مل گئیں، فیلڈ افسر ہر اس مقام کا دورہ کر یں جہاں صحت کی سہولتیں ہیں
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) حکومت پنجاب نے سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں سرکاری اور نجی ہسپتالوں دیگر صحت کے اداروں اور افرادی قوت کا مصدقہ ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس حوالے سے گنتی کا کام آئندہ ماہ سے شروع ہو گا ، اس حوالے سے پنجاب ہیلتھ کیئرکمیشن کو خصوصی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں، ذرائع کے مطابق پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (پی ایچ سی)، جو پی ایچ سی ایکٹ 2010 کے تحت قائم کیا گیا ہے کو صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے ، ہر قسم کی عطا یت پر پابندی لگانے اور متعلقہ امور کے لیے اقدامات کرنے کا ختیار حاصل ہے ،تاہم درست معلومات کی عدم فراہمی کے باعث نہ تو صحت کی مطلوبہ سہولیات دستیاب ہیں اور نہ ہی عطا یت کا خاتمہ ممکن ہو رہا ہے ، جس کیلئے کمیشن کو سرگودھا سمیت صوبے بھر میں صحت کی دیکھ بھال کے اداروں (ہیلتھ کیئر فسیلٹیز) کی تعداد، اقسام، سطح اور مقام کے بارے میں مصدقہ ڈیٹا درکار ہے ، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قبل ازیں 2015-16 میں ہیلتھ کیئر فسیلٹیز کی مردم شماری کی گئی تھی،جمع کیا گیا ڈیٹا اب اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے ، اس لیے حکومت نے سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کی نئی گنتی کا منصوبہ بنایا ہے ، تاکہ ان سہولیات کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکیں اس سلسلے میں کمیشن کے فیلڈ افسر صوبے بھر میں ان تمام مقامات کا دورہ کریں گے جہاں کسی بھی قسم کی صحت کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ ان کے مقام کو جیو ٹیگ کیا جا سکے اور بنیادی معلومات جیسے نام، پتہ، رابطہ کی تفصیلات، بستروں کی تعداد اور فراہم کی جانے والی خدمات کی اقسام جمع کی جا سکیں ۔