تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کرینگے ،راشد لنگڑیال
پوائنٹ آف سیل کا نٖفاذ نا قابل عمل ،چھاپے اور جرمانے بند کئے جائیں ،کاشف چودھری
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چودھری کی قیادت میں وفد نے چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال سے ملاقات کی ، ممبر آئی آر زبیر بلال و دیگر بھی موجود تھے ۔ کاشف چودھری نے چیئرمین ایف بی آر کو تاجروں کو درپیش مسائل ، ایف بی آر کے حکام کی جانب سے تاجروں کو ہراساں کئے جانے بارے آگاہ کیا اور کہا کہ ملک میں کاروبار کرنے کے زمینی حقائق نہایت کٹھن ہیں، پوائنٹ آف سیل کا چھوٹے تاجروں پر نفاذ ناقابل عمل ہے جس سے کئی پیچیدگیاں پیدا ہو رہی ہیں اس اقدام سے قومی آمدن میں اضافے کے بجائے رشوت، کرپشن اور بلیک میلنگ کے ایک نئے سلسلے کو فروغ ملنے کا خدشہ ہے اور کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے چھاپوں اور جرمانوں کے طرزِ عمل نے مارکیٹوں میں شدید خوف اضطراب اور غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے ۔چیئرمین ایف بی آر نے مسائل کے حل کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ وفد نے چیئرمین کو مسائل اور ان کے حل کے لئے اقدامات پر مبنی تحریری مراسلہ پیش کیا۔ وفد نے کہا کہ مارکیٹوں کو درپیش ٹیکس مسائل کے حل کے لیے ایف بی آر کا عملہ متعلقہ تاجر تنظیموں اور ایسوسی ایشنز کو اعتماد میں لے کر مشاورت کے ساتھ اقدامات کرے ۔