گندم کے پیداواری مقابلہ جات 2025-26کے انعقاد کا اعلان
5ایکڑ یا زائد رقبہ رکھنے والے کاشتکاروں سے 31جنوری تک درخواستیں طلبصوبائی سطح پر اول انعام ٹریکٹر85ہارس پاور ، ضلعی سطح پر 10لاکھ روپے انعام مقرر
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق گندم کے پیداواری مقابلہ جات 2025-26کا اعلان کر دیا گیا ہے جن میں حصہ لینے والے کاشتکاروں کو ٹریکٹر سمیت کروڑوں روپے کے نقد انعامات دئیے جائیں گے۔ صوبائی سطح پر اول انعام ٹریکٹر 85ہارس پاور، دوئم ٹریکٹر 75ہارس پاور اور سوئم ٹریکٹر 60ہارس پاور ہیں جبکہ ضلعی سطح پر اول انعام 10لاکھ روپے نقد انعام، دوئم 8لاکھ روپے نقد انعام اور سوئم 5لاکھ روپے نقد انعام مقرر کیا گیا ہے۔ مقابلہ میں حصہ لینے کیلئے 5یا 5ایکڑ سے زائد رقبہ رکھنے والے کاشتکار درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست فارم متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اور زراعت آفیسر (توسیع) کے دفتر سے حاصل کیے جا سکتے ہیں جبکہ محکمہ زراعت پنجاب کی آفیشل ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ ہو سکتے ہیں۔ مقابلہ میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ان کے فیملی ممبرز، گریڈ 17اور اوپر کے سرکاری ملازمین، محکمہ زراعت پنجاب کے تمام ملازمین حصّہ نہیں لے سکتے۔ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 31جنوری 2026مقرر کی گئی ہے۔