مری :شہریوں کو دوران برفباری سفر نہ کرنے کی ہدایت
بند گاڑی میں ہیٹر چلانے ، تیز رفتاری سے گریز کریں،ریسکیو 1122
مری ( نمائندہ دنیا) ریسکیو 1122 مری نے سیاحوں اور مقامی شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی جس میں کہا گیا ہے کہ رات کے دوران ہیٹر کے مسلسل استعمال سے اجتناب کریں۔ بند گاڑی میں ہیٹر چلانے سے دم گھٹنے کا خطرہ ہے ۔ شدید سردی کی صورت میں ہیٹر کا استعمال وقفے وقفے سے کریں۔ رات کے وقت تیز رفتاری سے گریز کریں۔ گاڑی سڑک پر پھسلن کا شکار ہو سکتی ہے ۔ ون وے کی خلاف ورزی سے رات کے وقت حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ برفباری کے دوران رات کو غیر ضروری سفر سے گریزکریں۔ سفر کرنے والے سیاح گرم کپڑے ، کمبل اور خشک میوہ جات ساتھ رکھیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 1122 پر کال کریں۔