نجی شعبے کے سکولوں کو این اے ٹی میں شامل کرنیکا فیصلہ
امتحانات پانچویں اور آٹھویں جماعت کی سطح پر منعقد ہوں گے :وفاقی سیکرٹری تعلیم
لاہور(خبر نگار)وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے پاکستان کے تعلیمی جائزے کے نظام میں بڑی توسیع کا اعلان کرتے ہوئے پہلی بار نجی شعبے کے سکولوں کو بھی \'نیشنل اچیومنٹ ٹیسٹ(این اے ٹی) 2026 میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس شمولیت کے ساتھ ساتھ وزارت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار قومی سطح پر \'نیشنل فاؤنڈیشنل لرننگ اسسمنٹ\' منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ ابتدائی جماعتوں میں تعلیمی نتائج کو جانچا جا سکے۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب نے بتایا کہ وزارت نے قومی اسسمنٹ فریم ورک کو پائیدار ترقی کے اہداف کے اشاریوں سے ہم آہنگ کیا ہے ۔ اس کا مقصد تعلیمی معیار پر قابلِ بھروسہ اور تقابلی شواہد اکٹھے کرنا ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر رپورٹنگ کے وعدوں کو پورا کیا جا سکے ۔ ندیم محبوب نے کہا کہ یہ امتحانات پانچویں اور آٹھویں جماعت کی سطح پر منعقد ہوں گے جن میں تمام صوبوں اور علاقوں کے سکولز شامل ہوں گے ۔ انہوں نے زور دیا کہ نجی شعبے کو اس دائرہ کار میں لانے سے ملک بھر میں تعلیمی نتائج کی ایک جامع اور حقیقی تصویر سامنے آئے گی۔