گندم، آٹا کی قیمت میں اضافہ شہریوں کو مشکلات

گندم، آٹا کی قیمت میں اضافہ شہریوں کو مشکلات

ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے قیمتوں کنٹرول کرنے میں ناکام ،15 کلو آٹے کا تھیلا 2200 تک پہنچ گیا ،حکو مت کے مقرر کردہ نر خوں پر آ ٹا کہیں نہیں مل رہا

فیصل آباد (عبدالباسط سے )فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے آٹے اور گندم کی قیمتوں میں بے لگام اضافے کو روکنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں، جس کے باعث ناجائز منافع خوروں کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے ۔ آٹے اور گندم کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے نے شہریوں کو شدید معاشی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں گزشتہ ایک سے ڈیڑھ ماہ کے دوران فائن اور چکی کے دیسی آٹے کی قیمت میں 55 سے 60 روپے فی کلوگرام تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ڈیڑھ ماہ قبل فائن آٹے کا 15 کلوگرام تھیلا 1100 روپے میں دستیاب تھا، جو اب بڑھ کر 2200 روپے سے تجاوز کر چکا ہے ۔ اسی طرح چکیوں پر فروخت ہونے والا دیسی آٹا 70 روپے فی کلوگرام سے بڑھ کر 145 روپے فی کلوگرام تک جا پہنچا ہے ۔

آٹے کی قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے کے باعث عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ، جبکہ محکمہ خوراک، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مبینہ طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران حکومت پنجاب اور محکمہ خوراک کی جانب سے گندم کی خریداری نہ کیے جانے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں نے بڑے پیمانے پر گندم ذخیرہ کر لی، جو اب من مانے نرخوں پر مارکیٹ میں فروخت کی جا رہی ہے ۔ حالیہ دنوں میں گندم کی قیمت 4700 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے ۔مزید بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 10 کلوگرام سرکاری آٹے کے تھیلے کی قیمت 905 روپے مقرر تو کی گئی ہے ، تاہم مارکیٹ میں اس کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے ۔ نتیجتاً سرکاری نرخوں پر آٹا یا تو مارکیٹ سے نایاب ہے یا جہاں دستیاب ہے وہاں اس کا معیار ناقص ہونے کے باعث شہری خریداری سے گریز کرتے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے اور گندم کی قیمتوں کو فوری طور پر کنٹرول کیا جائے اور ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں