کینال روڈ بیوٹیفکیشن، جلد واضح تبدیلی نظر آئے گی:کمشنر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ شہری خوبصورتی اور معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی کے مشن پر تیز رفتاری سے گامزن ہے ۔
کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کینال روڈ پر نہر کنارے جاری بیوٹیفکیشن کے کاموں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک مرتضیٰ نے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر بریفنگ دی، جبکہ سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی روف احمد اور ڈائریکٹر جنرل ہارٹیکلچر اتھارٹی دلاور خان بھی ہمراہ تھے ۔کمشنر فیصل آباد نے نہر کنارے ایک کلومیٹر کے ایریا میں دیدہ زیب اور منفرد ڈیزائن کی ٹف ٹائل لگانے کے کام میں مزید تیزی لانے ، درختوں کی کانٹ چھانٹ اور مصنوعی لائٹنگ کا کام فوری شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کینال روڈ پر سفر کرنے والوں کو آئندہ چند روز میں واضح اور معیاری تبدیلی نظر آئے گی۔بعد ازاں کمشنر نے سرگودھا روڈ، ڈائیو روڈ، دربار قائم سائیں روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، سوساں روڈ، چن ون روڈ، ستیانہ روڈ سمیت دیگر اہم شاہرات کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کی 40 سڑکوں پر پیچ ورک، سٹریٹ لائٹس کی بحالی، کرو اسٹونز کی پینٹنگ، لین مارکنگ اور دیگر میونسپل سروسز کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔