10 روز میں تمام مین چینلز کی ڈی سلٹنگ مکمل کرنے کا حکم
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے شہر بھر کے تمام مین سیوریج چینلز کی ڈی سلٹنگ 10 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چینلز کے اطراف قائم تجاوزات کے خلاف فوری آپریشن کا حکم دے دیا ہے ۔
اس موقع پر ایم ڈی واسا نے کہا کہ شہر بھر کا سیوریج مین چینلز کے ذریعے پہاڑنگ ڈرین اور مدھوانہ ڈرین میں ڈراپ ہوتا ہے ، اس لیے سیوریج کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور نکاسیٔ آب کے نظام کو مؤثر رکھنے کے لیے تمام مین چینلز کی بروقت ڈی سلٹنگ ناگزیر ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی سلٹنگ کے لیے مرتب کیے گئے شیڈول پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر مکمل ہونے والے ایریاز کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے ۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ مین چینلز کے اطراف میں قائم غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ چینلز کے اطراف کسی قسم کی تجاوزات موجود نہ ہوں۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈرینج ڈویژن کا عملہ 10 روز کے اندر ڈی سلٹنگ کا عمل مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے ، اس دوران کسی قسم کی سست روی، تاخیر یا غفلت ہرگز قابل قبول نہیں ہوگی۔