ایچ نائن کچی آباد یوں کے انخلا کیخلاف متاثرین کا احتجاجی مظاہرہ
ہزاروں مرد، خواتین اور بچوں کی شرکت،گھروں کے تحفظ کے حق میں نعرے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سیکٹر ایچ نائن میں قائم کچی آبادیوں کے انخلاء کے خلاف گزشتہ روز احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اپنے گھروں کے تحفظ کے حق میں شدید نعرے بازی کی اور حکام سے فوری انصاف کا مطالبہ کیا۔احتجاجی ریلی کی قیادت سابق وفاقی وزیر اور ورلڈ مینارٹی الائنس کے کنوینئرجے سالک نے کی،انہوں نے کہا کہ H-9کچی آبادی کے مکینوں کو بے دخل کرنے کا فیصلہ نہ صرف غیر انسانی ہے بلکہ آئینی اور قانونی تقاضوں کے بھی منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک علاقے کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے ملک میں بسنے والی کمزور اور کم آمدنی والی آبادیوں کا مشترکہ مسئلہ ہے ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر بغیر کسی منصوبہ بندی کے انخلاء کیا گیا تو ہزاروں خاندان بے گھر ہو جائیں گے جس کے سنگین سماجی اور انسانی نتائج برآمد ہوں گے ،جے سالک نے تجویز پیش کی کہ اس مسئلے کے حل کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے جس میں حکومتی نمائندوں کے ساتھ ساتھ متاثرہ کمیونٹی کے افراد اور سماجی رہنما بھی شامل ہوں۔ یہ کمیٹی باہمی مشاورت سے ایک قابلِ عمل اور انسانی بنیادوں پر حل تجویز کرے تاکہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔