حج و عمرہ انتظامات میں مزید بہتری لائینگے :سردا ریوسف
بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کی ملاقات ،حج انتظاما ت دیگر امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین نے ملاقات کی جس میں حج انتظامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم خان بھی شریک ہوئے ۔دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان مذہبی تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔ سردار محمد یوسف نے نئے وزیراعظم کے انتخاب پر بنگلہ دیش کے عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان حجاج کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے ،ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے حج و عمرہ انتظامات میں مزید بہتری لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ حج تجربات کے تبادلے کے لئے تیار ہے ، باہمی تعاون سے حجاج کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔