یوم انہدام جنت البقیع، جامع ٹریفک پلان جاری، 200اہلکار تعینات
مری روڈ کی جانب جانیوالی ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا،پلان جاری
راولپنڈی (اے پی پی) راولپنڈی ٹریفک پولیس نے 28 مارچ کو یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا ۔ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور جلوس کے شرکا کو سہولت فراہم کرنے کے لیے 200 سے زائد ٹریفک افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے ۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جلوس امام بارگاہ ناصر العزا وارث خان سے برآمد ہو کر مری روڈ، کمیٹی چوک، اقبال روڈ اور عالم خان روڈ سے گزرتا ہوا کرنل مقبول امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ دریں اثنا مری روڈ کی جانب جانے والی ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ صدر سے مری روڈ جانے والی ٹریفک کو لیاقت باغ سے ٹیپو روڈ کی طرف منتقل کیا جائے گا جبکہ اسلام آباد سے صدر آنے والی ٹریفک کو چاندنی چوک سے راول روڈ کی جانب موڑا جائے گا۔ نیا محلہ چوک پر مکمل ڈائیورشن نافذ رہے گی تاکہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے بچا جا سکے ۔