مئی میں شیڈول، آزاد کشمیر الیکشن وقت پر ہونگے، چیف الیکشن کمشنر
سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے عام ا نتخابات پاک فوج کی نگرانی میں کرانے کا ارادہ ہے اعلی ٰسطح اجلاس، سیاسی جماعتوں نے ووٹر لسٹوں ، سکیورٹی بارے تجاویز پیش کیں
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ عام انتخابات 2026کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم اعلی ٰسطح اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے کی اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور مہاجرین جموں و کشمیر کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیاسی جماعتوں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے شفاف، منصفانہ اور منظم انتخابات کے انعقاد کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مئی 2026میں الیکشن شیڈول جاری کر دیا جائے گا، قانون کے تحت 120دن پہلے الیکشن کمیشن نے ورکنگ پلان دینا ہوتا ہے، انتخابات مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کی نگرانی میں الیکشن کرنے کا ارادہ ہے ۔ اجلاس میں ووٹر لسٹوں کی بروقت تیاری، پولنگ سٹیشنوں پر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انتخابی عمل کو بہتر بنانے کے مختلف پہلوئو ں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔مہاجرین جموں و کشمیر کے ووٹروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے خصوصی انتظامات پر بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں شریک سیاسی جماعتوں نے ووٹر لسٹوں کی درستگی، سکیورٹی انتظامات اور انتخابی شفافیت کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں اجلاس کے اختتام پر الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورت کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ صدارتی الیکشن کے حوالے سے آئین کو فالو کریں گے ۔