الیکٹریکل انسٹالیشن سکل کے صوبائی مقابلہ جات کا افتتاح

 الیکٹریکل انسٹالیشن سکل کے صوبائی مقابلہ جات کا افتتاح

نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کر کے نمایاں مقام دلایا جائے :کمشنر

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)علم و ہنر کے فروغ اور نوجوانوں کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کے تحت کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی (ٹیوٹا)گوجرانوالہ میں الیکٹریکل انسٹالیشن سکل کے صوبائی ورلڈ سکلز مقابلہ جات کا باضابطہ افتتاح کیااور خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کر کے بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام دلایا جائے ۔اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا فیصل فرید، ریجنل ڈائریکٹر سنٹرل عظمیٰ نادیہ ڈائریکٹر گوجرانوالہ انجینئر عمران سلیم اور ڈائریکٹر لاہور مس سعیدہ بھی موجود تھے ۔ مقررین نے خطاب میں کہا کہ ورلڈ سکلز جیسے پلیٹ فارمز نوجوانوں کی صلاحیتوں کو جِلا بخشنے اور انہیں عملی میدان میں خود کو منوانے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ ٹیوٹا کے زیر سایہ ایسے اقدامات ہنر مند افرادی قوت کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔جو نا صرف ملکی معیشت کو مضبوط بنائیں گے بلکہ پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر کریں گے ۔ عظمی نادیہ اورعمران سلیم نے بتایا کہ پاکستان پہلی مرتبہ 3سکلز الیکٹریکل ،گرافک ڈیزائننگ اور کوکنگ میں حصہ لے رہا ہے ۔ٹیوٹا پنجاب کے زیر اہتمام پہلے ڈسٹرکٹ لیول ،پھر ریجنل لیول اور پھر صوبائی لیول کے مقابلے کروائے جارہے ہیں۔ فیصل فرید نے بتایا کہ یہ ورلڈ سکلز انٹرنیشنل کا عالمی48واں مقابلہ ہے جس میں65مختلف سکلز کے مقابلے ہو رہے ہیں اور پاکستان بھی 3سکلز میں پہلی مرتبہ حصہ لے رہا ہے جس میں ٹیوٹا پنجاب کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں