ڈی سی مظفر گڑھ کی منافع خور مافیا کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت
عوامی ریلیف ترجیح، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقداماتعلماء و مشائخ، تاجران اور سول سوسائٹی وفد کی ملاقات، بہترین کارکردگی پر مبارکباد
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)ڈی سی مظفر گڑھ کی منافع خور مافیا کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت، شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ترجیح قرار ،عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور ہدایات کی روشنی میں ضلع مظفرگڑھ کی شاندار کارکردگی پر متحدہ علمائے و مشائخ امن کمیٹی، انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کے وفد نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ سے ملاقات کی۔ وفد نے انہیں قرآن کریم کا تحفہ پیش کیا اور پورے پنجاب میں بہترین انتظامی امور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر دلی مبارکباد دی۔وفد کے اراکین نے ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک، محنت اور عوامی خدمت کے جذبے کا نتیجہ ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی رہنمائی اور ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر ہے ،عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ حافظ عثمان طاہر جپہ نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منافع خوری کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے ۔