نئی سیوریج لائن کی تنصیب،واسا کے25ارب مالیتی منصوبے کی منظوری
منصوبے کے تحت 232کلومیٹر طویل نئی سیوریج لائن بچھائی جائے گی، دو اہم ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن جاری، 400واٹر فلٹریشن پلانٹس فعال کردیئے ، ڈی سی
ملتان(وقائع نگار خصوصی )پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سیوریج نظام کی بہتری کے لئے میگامنصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس میں ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور دیگر سیاسی نمائندگان کا اجلاس منعقد ہواڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ان منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، ایم پی اے سلمان نعیم، حاجی جاوید اختر انصاری، ملک عبدالغفار ڈوگر سمیت ڈاکٹر اختر ملک، احمد حسین ڈیہڑ، شیخ طارق رشید، شہزاد مقبول بھٹہ اور سید بابر شاہ شیخ عمران لیاقت نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران واسا کے میگا پراجیکٹس کی پیشرفت، ٹائم لائن اور اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایم پی اے سلمان نعیم نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سیوریج مسائل کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور حکومت پنجاب نے واسا کو 25.8 ارب روپے مالیت کے میگا منصوبوں کی منظوری دے دی ہے ۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ سیوریج نظام کی بہتری کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ، جس کے تحت 232 کلومیٹر طویل نئی سیوریج لائن بچھائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لئے دو اہم واسا ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن جاری ہے ۔ایم ڈی واسا کے مطابق اولڈ شجاع آباد روڈ پر جدید ڈسپوزل اسٹیشن کی تعمیر سیوریج مسائل کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی، جبکہ جون سے قبل جدید مشینری کی فراہمی بھی متوقع ہے جس سے صفائی اور نکاسی آب کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سال کے اندر ان میگا پراجیکٹس کی تکمیل کے بعد شہر میں سیوریج مسائل میں واضح کمی آئے گی۔ مزید برآں شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے 400 واٹر پیوریفکیشن پلانٹس مکمل طور پر فعال کئے جا چکے ہیں۔