ڈی سی کا محکمہ مال کی کارکردگی ، ہسپتال میں سہولتوں کا جائزہ

ڈی سی کا محکمہ مال کی کارکردگی ، ہسپتال میں سہولتوں کا جائزہ

سرکاری وصولیوں میں سستی پر زیرو ٹالرینس پالیسی،شفافیت یقینی بناے کی ہدایت

خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی زیر صدارت محکمہ مال کی ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں کھیوٹ میوٹیشن کے مسائل کو حل کرنے اور سرکاری وصولیوں میں سستی پر زیرو ٹالرینس پالیسی کا اعلان کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیلداران، نائب تحصیلداران، سروس سنٹر انچارجز اور پٹواریوں کو اہداف 14 اپریل تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی۔ مقررہ تاریخ تک 100 فیصد ہدف حاصل نہ کرنے والے افسران کے لیے معطلی کا عندیہ بھی دیا گیا۔اجلاس میں ناقص کارکردگی والے نائب تحصیلداران، قانوگو اور پٹواریوں کی فوری معطلی کے احکامات بھی جاری کیے گئے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل عباس نے پلس پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ملیحہ رشید نے کہا کہ سرکاری ریکیوری اہداف پورے نہ ہونے پر نمبردار کے خلاف بھی کارروائی ہوگی اور ای آبیانہ کی ریکیوری میں تحصیلداران کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ نئے قانون کے تحت کورٹ کیسز کو ہر صورت دو ہفتے میں نمٹایا جائے گا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی، کارڈیک او پی ڈی اور دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے سی ٹی سکین اور دیگر شعبہ جات میں سروس ڈیلیوری کا جائزہ لیا، واش رومز کی صفائی اور روشنی بہتر کرنے کے احکامات جاری کیے اور مریضوں سے ڈاکٹروں کے رویے اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں استفسار کیا۔ ہسپتال کے لانز اور پارکنگ ایریا کی صفائی کو یقینی بنانے اور جدید اسٹیٹ آف دی آرٹ یونٹ کے لیے بھی اقدامات ہدایت کیے گئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں