اسلام آباد میں 3,646بچے سکولوں سے باہر
لڑکوں کی تعداد 1,862، لڑکیوں کی 1,784ہے، اعداد و شمار
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے اسلام آباد میں سکول سے باہر بچوں کے داخلے کے لیے جاری \"کارپٹ کوریج\" مہم کے ابتدائی نتائج موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ مختلف یونین کونسلز میں اب تک مجموعی طور پر 3,646 ایسے بچوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے ۔نان فارمل ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سکولوں سے باہر شناخت کیے گئے،
بچوں میں لڑکوں کی تعداد 1,862 (51%) جبکہ لڑکیوں کی تعداد 1,784 (49%) ہے ۔ یہ بچے \"نشاندہی شدہ مگر تاحال غیر داخل شدہ\" کیٹیگری میں شامل ہیں، جنہیں جلد از جلد تعلیمی دھارے میں لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب کے مطابق یہ پیش رفت اس 3سالہ رولنگ پلان کا حصہ ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں 25,000 بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔