تعلیمی بورڈ راولپنڈی کمپلیکس میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح

  تعلیمی بورڈ راولپنڈی کمپلیکس میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح

امتحانی نظام کو ٹیکنالوجی کے ذریعے مؤثر، شفاف اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے گا،چیئرمین بورڈ جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کی موثر نگرانی ،دو طالب علم نقل کرتے پکڑے گئے

راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار ) کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے تعلیمی بورڈ راولپنڈی کمپلیکس میں ایک جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات تنویر اصضر، ایڈیشنل کمشنر منصور احمد ، بورڈ ممبران و دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے ، جو امتحانی نگرانی اور انتظامی نظام میں ایک نئی مثال قائم کرے گا۔ اس جدید مرکز کے قیام سے امتحانی نظام کو ٹیکنالوجی کے ذریعے مؤثر، شفاف اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے گا۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر جدید نگرانی کے نظام سے لیس ہے ، جہاں سے امتحانی مراکز کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

اس سہولت کے ذریعے کسی بھی بے ضابطگی، نقل یا ہنگامی صورتحال کو فوری طور پر نوٹ کر کے بروقت کارروائی کی جا سکتی ہے ، جس سے امتحانی نظام کی شفافیت اور ساکھ مزید مضبوط ہوگی ۔  راولپنڈی میں قائم جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم نے مؤثر نگرانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناجائز ذرائع استعمال کرنے کے دو کیسز کامیابی سے پکڑ لئے جدید نظام کے ذریعے امتحانی مراکز کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ، جس کے نتیجے میں نقل مافیا کے خلاف فوری اور سخت کارروائی ممکن بنائی جا رہی ہے ۔ ملوث اُمیدواروں کی شناخت رول نمبر 936785 محمد جواد اور 936786 نیشن حیدر کے طور پر ہوئی ہے ، جو دونوں گورنمنٹ ہائی سکول بوچھال خورد، ضلع چکوال سے امتحان میں شریک تھے ۔ 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں