تعلیم کے ذریعے پاک ترک تعلقات مضبوط ہورہے ،ترک سفیر
پاکستان، ترک یونیورسٹی فیئر ،جامعات کے وی سیز ،طلبہ کی کثیر تعداد میں شرکت
اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے کہا ہے کہ تعلیم کے ذریعے ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں جو مشترکہ تاریخ، اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان، ترک یونیورسٹی فیئر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا مقصد بین الاقوامی تعلیمی مواقع کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔میلے میں ترکیہ کی 9 ممتاز جامعات نے شرکت کی، جنہوں نے طلبہ کو تعلیمی پروگرامز، داخلہ کے طریقہ کار اور سکالرشپس کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
اس موقع پر ملک بھر سے طلبہ، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں مہمانوں میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر، عرفان نذیراوغلو اور ایچ ای سی کے چیئرمین شامل تھے جبکہ مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور سینئر نمائندگان بھی موجود تھے ۔ ترکیہ کے سفیر نے پاکستان اور ترکیہ کے گہرے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تعلیمی تعاون دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔