طوفانی بارشیں، سیاحوں کیلئے جدید سیف ٹورازم پلان جاری
خطر ناک علاقوں میں نہ جائیں، ہائیکنگ پر پابندی، رات کو سفر نہ کرنیکی ہدایت
مری/راولپنڈی (اے پی پی) ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر نے مری اور گردونواح میں ہونے والی حالیہ بارشوں اور محکمہ موسمیات کی نئی پیش گوئی کے تناظر میں سیاحوں کیلئے جدید سیف ٹورازم پلان جاری کردیا۔ڈی پی او مری نے بتایا کہ گزشتہ 48گھنٹوں میں 60ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ اس دورانیے میں 9ہزار 443گاڑیاں مری میں داخل، 7ہزار 25کی واپسی ہوئی۔ 2اپریل شام 5بجے سے اب تک مری شہر میں 4ہزار 190گاڑیاں داخل ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات نے 6سے 9اپریل تک مزید شدید طوفانی بارش، گرج چمک اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔ ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سیاح مری ضرور آئیں، لیکن اپنے اور اپنی گاڑیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے سیاحوں کو مشورہ دیا کہ وہ بارش اور ژالہ باری کے دوران کھلے مقامات پر جانے یا ہائیکنگ کرنے کے بجائے مری کے انڈور لوکل کلچر اور روایتی کھانوں سے لطف اندوز ہوں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جاسکے۔ انہوں نے خاص طور پر تاکید کی کہ سیاح رات کے وقت سفر سے گریز کریں کیونکہ دھند اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات موجود ہیں۔ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر مری میں ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا، پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122کی جانب سے واٹر ریسکیو سمیت تمام ایمرجنسی یونٹس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔