جاز کیش نے چکلالہ سکیم 3میں کیش لیس بازار کا افتتاح کر دیا
منصوبے کا مقصد ادائیگیوں کے نظام راست سے منسلک کیو آر کوڈز کی تنصیب
اسلام آباد (دنیا رپورٹ ) موبی لنک بینک اور پاکستان کے نمایاں ڈیجیٹل مالیاتی پلیٹ فارم جاز کیش نے راولپنڈی میں چکلالہ سکیم تھری میں کیش لیس بازار کا افتتاح کر دیا جہاں 900 دکانوں اور ٹھیلوں پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈیئر سید علی انجم تھے جبکہ سٹیٹ بینک کے جوائنٹ ڈائریکٹر رضوان خلیل شمسی، موبی لنک بینک کے چیف بزنس آفیسر عطا الرحمن، جاز کیش اور موبی لنک بینک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ اس منصوبے کا بنیادی جزو بازار بھر کی دکانوں اور ٹھیلوں پر ادائیگیوں کے نظام راست سے منسلک کیو آر کوڈز کی تنصیب ہے جس کے ذریعے تاجر موبائل والٹس کے ذریعے فوری اور محفوظ ادائیگیاں براہِ راست وصول کر سکتے ہیں۔