اے ڈی سی آر مری کا لینڈ سلائیڈنگ متاثرہ علاقوں کا دورہ
نقصانات کا جامع اور شفاف تخمینہ لگاکر رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)حالیہ موسلادھار بارشوں کے باعث مری اور گرد و نواح میں ہونے والے نقصانات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) مری عمر اویس کیانی نے چٹہ موڑ، بانسرہ گلی،باڑیاں اور دیگر متاثرہ مقامات کا تفصیلی دورہ کیا ۔انہوں نے موقع پر موجود شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ہونے والے نقصانات کے بارے میں تفصیلی آگاہی حاصل کی۔ انہوںنے متعلقہ محکموں کو واضح ہدایات جاری کیں کہ متاثرہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا جامع اور شفاف تخمینہ فوری طور پر لگایا جائے اور بلا تاخیر رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ریلیف سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔دورے کے دوران متعلقہ اداروں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے جنہیں موقع پر ہی مختلف امور کی انجام دہی کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔