پی ای سی، 1300سے زائد نئے انجینئرز مختلف اداروں میں ایڈجسٹ
اس وقت 1,300انجینئرز اپنی تربیت کا آغاز کر چکے، دوسرے بیچ کی تکمیل خوش آئند،چیئرمین
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) کے گریجویٹ انجینئر ٹرینی (جی ای ٹی) پلیسمنٹ پروگرام کے دوسرے بیچ میں اب تک 1,300سے زائد نئے انجینئرز نے باقاعدہ طور پر مختلف قومی اداروں کو جوائن کرلیا ہے جو کہ نوجوان انجینئرز میں عملی مہارتوں کو فروغ دینے کیلئے پی ای سی کے مشن میں ایک اہم قدم ہے ۔ یہ سنگ میل مارچ کے آخر میں شفاف ڈیجیٹل بیلٹنگ کے ذریعے منتخب ہونے والے 1,700گریجویٹس کے بعد حاصل کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے انجینئرز کیلئے خصوصی طور پر 300نشستیں مختص کی گئی تھیں، اس وقت 1,300انجینئرز اپنی تربیت کا آغاز کر چکے ہیں، چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے دوسرے بیچ کی کامیاب آغاز پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس انتخابی نظام کی اہمیت کو اجاگر کیا جو اس عمل میں شفافیت کو یقینی بناتا ہے۔ پروگرام انجینئرز کو صرف صنعت کے عملی تجربات فراہم نہیں کرے گا بلکہ سافٹ سکلز کو بھی بہتر بنائے گا۔