علی پور:دن کوسٹریٹ لائٹس روشن،رات بند،شہری سراپا احتجاج

علی پور:دن کوسٹریٹ لائٹس روشن،رات بند،شہری سراپا احتجاج

سمارٹ لاک ڈاؤن اور بجلی کی گھنٹوں کی طویل لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنا دی

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ میں دن دہاڑے سٹریٹ لائٹس روشن، رات کو شہر اندھیرے میں ڈو بنے پر شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ صوبہ بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت رات 8 بجے کے بعد کاروباری سرگرمیاں بند کر دی جاتی ہیں جس کے نتیجے میں شہر کی گلیاں اور بازار ویران ہو جاتے ہیں تاہم حیران کن طور پر بلدیہ علی پورچٹھہ کی جانب سے سٹریٹ لائٹس دن کے اوقات میں روشن رکھی جاتی ہیں جسے شہری بجلی کے ضیاع اور انتظامی نااہلی قرار دے رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک جانب سمارٹ لاک ڈاؤن اور دوسری طرف گھنٹوں کی طویل لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنا دی ، رات کے وقت سفر کرنے والے افراد اور ہوٹلوں پر کھانا کھانے کیلئے رکنے والے مسافر مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ کاروبار بند ہونے سے چھوٹے دکاندار اور دیہاڑی دار طبقہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ بلدیہ عملہ رات کے وقت سختی کرتے ہوئے سڑک کنارے لگنے والے چھوٹے سٹالز اور ریڑھی بانوں کا روزگار بند کر اتا ہے جبکہ اسی دوران سڑکوں پر کھڑے افراد کے باعث بعض مقامات پر بدنظمی ہو جاتی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سٹریٹ لائٹس کو مناسب اوقات میں فعال رکھا جائے ،بجلی کے ضیاع کو روکا جائے اور سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے چھوٹے کاروبار سے وابستہ افراد کو ریلیف دیا جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں