سی ڈی اے آپریشن،نورپور شاہان میں 300ایکڑ اراضی واگزار

سی ڈی اے آپریشن،نورپور شاہان میں 300ایکڑ اراضی واگزار

واگزار کرائی گئی زمین 2,146ایکڑ پر مشتمل ایک بڑے رقبے کا حصہ ہے، سی ڈی اے حکام

اسلام آباد (دنیا رپورٹ) سی ڈی اے نے آئی سی ٹی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے تعاون سے نور پور شاہاں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے، تقریباً 300ایکڑ قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی ہے۔ حکام کے مطابق واگزار کرائی گئی زمین 2,146ایکڑ پر مشتمل ایک بڑے رقبے کا حصہ ہے، جو اصل میں 1961، 1963اور 1964میں جاری کردہ لینڈ ایوارڈز کے ذریعے حاصل کی گئی تھی۔ حکام کا موقف ہے کہ زمین کے حصول کا عمل قانونی طور پر مکمل کیا گیا تھا اور متاثرہ زمینداروں کو مکمل معاوضہ فراہم کیا گیا تھا، جس میں قابل کاشت زمین کے بدلے پنجاب میں 4,962ایکڑ اراضی کی الاٹمنٹ اور 1,589 گھرانوں کو تعمیر شدہ ڈھانچوں کے عوض نقد رقم کی ادائیگی شامل ہے۔ سی ڈی اے کا دعویٰ ہے کہ اس زمین کی قانونی حیثیت برقرار اور نافذ العمل ہے۔ حکام کے مطابق تھرڈ اور فورتھ ایونیو کے درمیان تقریباً 600ایکڑ پر تجاوزات پھیل چکی تھیں، جہاں غیر قانونی تعمیرات، زمین کی غیر قانونی خرید و فروخت، کرائے کا استحصال اور تجارتی سرگرمیاں جاری تھیں۔ سی ڈی اے نے واضح کیا کہ اس آپریشن میں 1985میں قائم کردہ نوٹیفائیڈ ماڈل ویلج کو نشانہ نہیں بنایا گیا اور یہ کارروائی صرف اس کی قانونی حدود سے باہر موجود تجاوزات تک محدود ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں