سینئر جوائنٹ سیکرٹری تعلیم کا آئی بی سی سی لاہور کا دورہ
مختلف شعبہ جات کا معائنہ ، عملے کی کارکردگی کا جائزہ ،سہولیات پر اظہار اطمینا ن
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) سینئر جوائنٹ سیکرٹری وفاقی وزارت تعلیم آفتاب رشید اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) لاہور ڈویژن کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں طلبہ اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا گیا، عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور سروس ڈلیوری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی بی سی سی لاہور آفس میں جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت کام کو منظم انداز میں انجام دیا جا رہا ہے ، جس کے باعث درخواستوں کی پراسیسنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ حکام کو آگاہ کیا گیا کہ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک موصول ہونے والے کیسز کو اسی وقت نمٹا دیا جاتا ہے ، جبکہ شام کے اوقات میں ایکسپریس سروس کے تحت فاسٹ ٹریک کیسز کو آدھے گھنٹے کے اندر مکمل کر کے طلبہ کو فوری سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ سینئر جوائنٹ سیکرٹری نے آئی بی سی سی لاہور آفس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارے کی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ طلبہ اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے ۔