کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں اکیڈمک لیڈرز فورم کا آغاز
اسلام آباد(نامہ نگار)او آئی سی کامسٹیک اور آسیان ممالک سمیت دیگر ممالک کی جامعات پر مشتمل جامعات کی عالمی تنظیم برائے کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے اکیڈمک لیڈرز فورم کا آغاز کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہو گیا۔
اس موقع پر جامعات کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ سیکرٹریٹ بھی قائم کر دیا گیا ہے ۔فورم میں فلپائن، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائشیا اور آسٹریلیا کی جامعات کے وفود نے شر کت کی۔ فورم کا مقصد پاکستان سمیت دیگر رکن ممالک کے درمیان اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق، فیلوشپ پروگرامز اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا اور جامعات کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا ہے ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری نے کہا یہ فورم پاکستان سمیت دیگر رکن ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور طلبہ کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مددگار ثابت ہوگا ۔