اے ٹی آ ئی کاقومی سطح پرتعمیر ملت ہمدرد سازی مہم کا اعلان
10 مئی افواجِ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے سیمینارز کے انعقاد کا فیصلہ طلبہ یونینز پر پابندی ختم ، یکساں نظامِ تعلیم نافذ، تعلیمی بجٹ بڑھایا جائے ، فیصل ماگرے
اسلام آباد (سید قیصر شاہ)انجمنِ طلبہ اسلام نے قومی سطح پرتعمیرِ ملت ہمدرد سازی مہم سمیت10 مئی کو افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے سیمینارز اور ریلیوں کا اعلان کردیا جبکہ جولائی اور اگست میں صوبائی سطح پر طلبہ کنونشنز اور ڈویژنل سطح پر الصفہ تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا،اس طرح ماہِ ربیع الاوّل میں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر 12 روزہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
انجمن طلبہ اسلام کی مرکزی مجلسِ مشاورت کا اجلاس مرکزی صدر فیصل قیوم ماگرے کی صدارت منعقد ہوا جس میں کہا گیا آج سے ملک بھر میں تعمیرِ ملت ہمدرد سازی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ 10 مئی کو آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں سیمینارز و ریلیاں منعقد کی جائیں گی ۔ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فیصل قیوم ماگرے و دیگرنے کہا کہ ملک گیر تعمیرِ ملت ہمدرد سازی مہم کے نتیجے میں ہزاروں نوجوان انجمن طلبہ اسلام کا حصہ بنیں گے۔طلبہ یونینز پر پابندی 1973 کے آئین سے صریحاً متصادم ہے ، طبقاتی نظامِ تعلیم کا خاتمہ کر کے یکساں نظامِ تعلیم نافذ کیا جائے اور تعلیمی بجٹ میں فوری اضافہ کیا جائے۔