پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،100لٹر مضر صحت دودھ تلف

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،100لٹر مضر صحت دودھ تلف

گرجا روڈ، کشمیر کالونی اور دھمیال تھانے کی حدود میں واقع 11 ملک شاپس کی چیکنگ متعلقہ دکانداروں کو مجموعی طور پر 1لاکھ 19ہزار روپے جرمانے ،نوٹس جاری

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے شہر میں ملاوٹ شدہ اور ناقص دودھ کی فروخت کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں اچانک چھاپے مارے ، جس کے دوران متعدد دکانوں کو جرمانے اور وارننگ نوٹس جاری کیے گئے ۔ گرجا روڈ، کشمیر کالونی اور دھمیال تھانے کی حدود میں واقع 11 ملک شاپس کی جدید لیکٹوسکین مشین کے ذریعے جانچ پڑتال کی۔ چیکنگ کے دوران 8 ملک شاپس پر فروخت ہونے والا دودھ ناقص اور پانی ملا پایا گیا، جس پر متعلقہ دکانداروں کو مجموعی طور پر 1 لاکھ 19 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ۔اتھارٹی حکام کے مطابق 2 ملک شاپس کو حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے اور انہیں مقررہ مدت میں بہتری لانے کی ہدایت کی گئی ہے ، بصورت دیگر مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔کارروائی کے دوران مزید 100 لیٹر ناقص اور مضر صحت دودھ کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا تاکہ اسے انسانی استعمال سے روکا جا سکے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی صحت کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملاوٹ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں