کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی سینیٹ کا 9واں اجلاس

کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی سینیٹ کا 9واں اجلاس

تعلیمی، انتظامی، مالیاتی اور پالیسی امور پر مشتمل ایجنڈے پر غور ،اہم تقرریوں کی منظوری

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی سینیٹ کا 9واں اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی (پرو چانسلر) نے صدر مملکت کی جانب سے کی۔سینیٹ نے تعلیمی، انتظامی، مالیاتی اور پالیسی امور پر مشتمل ایجنڈے پر غور کیا۔ اجلاس میں انسانی وسائل کے نظام اور کیریئر ترقی کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ سرمایہ کاری کے امور، اوپن اور ڈسٹنس لرننگ پروگرامز کے آغاز، ادارہ جاتی اصلاحات اور قانونی اداروں میں الیکٹرانک ووٹنگ سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے ۔مالیاتی و انتظامی معاملات میں یومیہ اجرتوں، سکالرشپ قواعد اور ملازمین کی فلاح سے متعلق امور شامل تھے ۔ سینیٹ نے اہم عہدیداران کی تقرریوں اور سلیکشن بورڈ کے فیصلوں کی منظوری دی، جن میں کیمپس ڈائریکٹر، پرنسپل آفیسرز، فیکلٹی اور نان فیکلٹی ملازمین کی تقرریاں و ترقیاں شامل ہیں۔ نئے اداروں کی الحاق کی منظوری بھی دی گئی۔وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے سینیٹ کی ذیلی کمیٹیوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور مؤثر فیصلہ سازی کے لیے قانونی فورمز کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں