شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے ،آئی جی

شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے ،آئی جی

پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنایا جائے ،اجلاس سے خطاب

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوئے ،کرائم کنٹرول، سکیورٹی صورتحال اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنایا جائے ۔ تھانوں کی سطح پر سروس کے معیار کو بہتر بنایا جائے ، شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے اور میرٹ و قانون کی بالادستی ہر صورت برقرار رکھی جائے ۔مزید برآں باہمی رابطوں کو مضبوط بنانے ، دستیاب وسائل کے مؤثر اور دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنانے اور مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا، تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری پولیس خدمات فراہم کی جا سکیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے ، کرائم ڈیٹا کے تجزیے کو مؤثر بنایا جائے اور گشت کے نظام کو مزید فعال کیا جائے تاکہ جرائم کی روک تھام میں بہتری لائی جا سکے ۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت کے لیے جاری اقدامات، خصوصاً فرنٹ ڈیسک سروسز، ہیلپ لائنز اور کمیونٹی پولیسنگ کے منصوبوں کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے ۔ ساتھ ہی پولیس ویلفیئر کے اقدامات کو بھی ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے کی ہدایت کی، تاکہ افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں مزید بہتری آئے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں