معرکہ حق تقریب، اسلام آباد میں آج متعدد شاہراہیں مکمل بند رہیں گی

 معرکہ حق تقریب، اسلام آباد میں آج متعدد شاہراہیں مکمل بند رہیں گی

سرینگر ہائی وے اور ایکسپریس وے پر شام6سے رات12 بجے تک ٹریفک معطل رہے گیشہریوں کیلئے متبادل راستے مختص، ریڈ زون اور موٹروے آمدورفت پلان جاری کردیا گیا بھاری گاڑیوں کا داخلہ بند، شہریوں کو غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان مونومنٹ شکرپڑیاں میں آج بروز اتوار 10مئی کو ہونے والی \\\"معرکہ حق\\\" تقریب کے پیش نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے تفصیلی ٹریفک ڈائیورژن پلان جاری کر دیا۔ شام 6بجے سے رات 12 بجے تک شہر کی متعدد اہم شاہراہیں مکمل طور پر بند رہیں گی۔ٹریفک پولیس کے مطابق سری نگر ہائی وے کوڑیانوالہ چوک سے پشاور موڑ تک دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند رہے گی جبکہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر فیض آباد سے خیابان چوک تک فیصل ایونیو آمدورفت کے لیے بند ہوگی۔شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستے مختص کیے گئے ہیں۔

موٹروے سے بھارہ کہو یا مری جانے والے شہری 9th ایونیو سے کرنل شیر خان روڈ (IJP) ہوتے ہوئے مری روڈ استعمال کریں گے ۔ مری یا بھارہ کہو سے موٹروے آنے والوں کو مری روڈ، فیض آباد، کرنل شیر خان روڈ اور 9th ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ موٹروے سے ریڈ زون جانے والے پشاور موڑ سے 9th ایونیو کے ذریعے جناح ایونیو یا مارگلہ روڈ استعمال کریں گے جبکہ ریڈ زون سے راولپنڈی یا موٹروے جانے والے شہری مارگلہ روڈ یا جناح ایونیو سے 9th ایونیو اختیار کریں گے ۔راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والی ٹریفک کرنل شیر خان روڈ (IJP) سے فقیر ایپی روڈ یا 9th ایونیو استعمال کرے گی۔ اسی طرح سکیم تھری یا عمار چوک سے آنے والے شہری راول روڈ، چاندی چوک اور مری روڈ کے ذریعے کلب روڈ سے ریڈ زون، بھارہ کہو یا مری جا سکیں گے ۔ٹریفک پولیس کے مطابق شام 5 بجے سے رات12 بجے تک تمام چھوٹی گاڑیوں (LTV) کو روات ٹی کراس سے راولپنڈی کی جانب موڑ دیا جائے گا، جبکہ صبح 4 بجے سے رات 12 بجے تک ہر قسم کی بھاری گاڑیوں (HTV) کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈائیورژن پلان پر عمل کریں، اضافی وقت رکھ کر سفر کریں اور غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں